گاندربل+ترال+کپوارہ// بیہامہ گاندربل میںبٹہ وینہ نامی گاﺅںکے لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا۔علاقے سے آئے درجنوں افراد نے محکمہ بجلی کے دفتر بی ہامہ میںسرینگر لیہ شاہراہ پر سڑک پرٹریفک کی نقل و حرکت مسدود کی۔ مظاہرین میں شامل افراد کے مطابق اُن کے محلہ میں نصب ٹرانسفارمر کئی روز قبل خراب ہوا جس کے بعد اُسے مرمت کیلئے ورکشاپ پہنچایا گیالیکن ٹھیک کرکے واپس نہیں لایا گیا۔اس موقع پر ایس ایچ او گاندربل کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ ادھرکنج بل ترال کا بجلی ٹرانسفار مر گزشتہ پندرہ روز سے بیکار ہے جس کی وجہ سے آبادی گھپ اندھیرے میں ہے۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ پندرہ روز قبل اُن کی بستی میں نصب بجلی ٹرانسفار مر خراب ہوا جس کو بعد میں مرمت کرنے کی غرض سے اونتی پورہ ورکشاپ پہنچایا گیا تاہم پندرہ روز کا وقفہ گزر نے کے باوجود بجلی ٹرانسفار مر کو واپس نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے صارفین کوسخت مشکلات درپیش ہیں۔اس دوران نگری ملہ پورہ اور دیگر مضافاتی علاقوں میں شود پورہ ،گنڈ باغ ،ہوٹر پورہ اور شیر محلہ میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ تنگ آچکے ہیں ۔علاقہ کے لوگو ں نے الزام لگایا کہ ان علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہے اور چوبیس گھنٹوں میں اکثر اوقات بجلی غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ دیہات میںشام ہوتے ہی اندھیرا چھا جاتا ہے ۔