گال //پاکستان نے عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر گال اسٹیڈیم میں سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔ گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن پاکستان نے 222 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کے لیے مزید 120 رنز درکار تھے۔ سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کے ہمراہ نائب کپتان محمد رضوان موجود تھے اور دونوں نے مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی ۔عبداللہ شفیق 160 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ نواز نے 19 رنز بنائے۔ پاکستان نے گال اسٹیڈیم میں 342 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر کے اس میدان پر سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ آج سے قبل اس اسٹیڈیم پر کبھی بھی 300 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا جاسکا اور اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کے حصول کا ریکارڈ میزبان سری لنکا ہی کے پاس تھا جب اس نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 268 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ عبداللہ شفیق کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا نے 337 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔