سید اعجاز+فیاض بخاری
پانپور +بارہمولہ//گالندرپانپور میں ایک المناک سڑک حادثے میں دو افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ۔ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس میں ڈرائیور سمیت دو افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک سیاہ رنگ کی اسکارپیو زیرنمبر JK02DQ-2585مخالف سمت سے آرہی ایک گاڑی سے ٹکرا ئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کو جانٹی ولد ترسیم لال ساکن مرشی والا اکھنور (جموں) چلا رہا تھا اور اس وقت اس میں تین دیگر مسافر سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال پانپور علاج کیلئے منتقل کیا گیا جہاں ڈرائیور سمیت دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے ۔ بلاک میڈیکل آفیسر پانپور نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سونو کمار ولد اشوک کمار ساکن دبسورہ، جموں کو حادثہ کے بعد سب ضلع اسپتال پانپور میں مردہ لایا گیا۔ ڈرائیور جانٹی کو تشویشناک حالت میں جے وی سی بمنہ منتقل کیا گیا جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ دو زخمی مسافروں کی شناخت 25سالہ ہمت سال ولد دیش راج اور 27سالہ دمن کمار ولد وجے کمار ساکنان چڑی جموں کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھر ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے میں ایک المناک سڑک حادثے میں ایک معمر شخص لقمہ اجل بن گیا ۔ یہ حادثہ سوموار کو اس وقت پیش آیا جب پٹرول پمپ شیری کے نزدیک بارہمولہ اوڑی قومی شاہراہ پر ایک سومو زیر نمبر JK05B-4637اور ڈمپر زیر نمبرJK16B-2293کے درمیان شدید ٹکر ہوئی جس دوران سومو میں سوار غلام محی الدین ولد غلام محمد ساکن ترکانجن بونیار نامی شخص موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ ڈمپر اوڑی سے بارہمولہ کی طرف آرہا تھا جبکہ ٹاٹا سومو بارہمولہ سے اوڑی کی طرف جارہی تھی کہ شیری کے قریب دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں۔پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔تصادم کی وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی۔