سرینگر//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے ایک وفد نے وزیر خزانہ ،تعلیم اورمحنت وروزگار سید محمد الطاف بخاری کے ساتھ ملاقات کی اورانہیں درپیش کئی معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔جب کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاوفد بھی وزیر موصوف کے ساتھ ملاقی ہوا جس دوران وفد نے کئی معاملات وزیر کی نوٹس میں لائے۔کشمیر ٹریڈر س اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے وفد نے فیڈریشن کے صدر حاجی محمد یاسین اورکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے جاوید احمد ٹنگا کی قیادت میں وزیرموصوف کے ساتھ ملاقات کی اورانہیں مختلف معاملات کے بارے میں جانکاری دینے کے علاوہ ٹیکس کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع کرنے کی مانگ کی ۔کشمیر ٹریڈڑس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن نے شہر میں ٹریفک کے زبردست دبائو کے علاوہ چھاپڑی فروشوں کا معاملہ بھی اُٹھایا۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ کاروبار ی سرگرمیوں کی ترقی کے لئے کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ دستکار ،ڈیلر اورایکسپوٹر ممبر کی حیثیت سے جُڑے ہوئے ہیں تاہم انہیں ابھی تک عالمی تجارت میں ترقی کے لئے آئی ٹی پی او کی شراکت داری کے لئے نامزد نہیں کیا گیا ہے۔وزیرموصوف نے وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دہانی دی کہ ان کے معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا ۔انہوںنے مزید کہا کہ سرکار کاروباری انجمنوں اورکاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی وعدہ بند ہے۔