عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)نے ہفتہ کو اپنا 91ویں سالانہ جنرل میٹنگ کا انعقاد کیا۔کے سی سی آئی صدر جاوید احمد ٹینگا کی صدارت میںہونے والے اس اجلاس میں سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، سینئر بزنس مین/انٹرپرینیور کے سی سی آئی ممبران سمیت بڑی تعداد میں ممبران نے شرکت کی جو چیمبر کی ممبرشپ کی گہرائی اور تنوع کو ظاہر کرتی ہے۔جنرل سیکریٹری فیض احمد بخشی نے سال بھر کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ’’چیمبر نے پالیسی اصلاحات کی وکالت کرنے کے لیے حکومتی حکام کے ساتھ سرگرمی سے کام کیا ہے جس سے ہماری کاروباری برادری کو براہ راست فائدہ پہنچے۔ ہم سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں، مقامی دستکاری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، اور وادی بھر میں پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے سامان اور خدمات کے شعبوں کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ ہماری توجہ وادی میں منفرد اقتصادی ترقی اور ثقافتی ماحول کو فروغ دینے پر مرکوز ہے‘‘۔ ایک اہم قرارداد میںراجباغ میں چیمبر ہائوس کی تعمیر کے حوالے سے منظور کی گئی۔ ایوان نے اس منصوبے کی نگرانی کے لیے ایک بااختیار کمیٹی کے قیام کی منظوری دی، جو اراکین کی دیرینہ خواہش رہی ہے۔ اراکین نے بہت سے ایسے مسائل پر روشنی ڈالی جن پر حکومت کی فوری توجہ درکار ہے، جن میں سے کچھ کافی عرصے سے زیر التوا ہیں۔