عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کی کاروباری برادری کیلئے ایک اہم پیش رفت میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پیر کو سرینگر میں منعقدہ تنظیم کی 91ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران 2025تا2027 کی مدت کیلئے اپنی نئی ایگزیکٹو باڈی کا انتخاب کیا۔تنظیم کے سابق صدر اور ممتاز تاجر جاوید احمد ٹینگہ کو متفقہ طور پر چیمبر کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ عمر نذیر تبت بقال کو سینئر نائب صدر منتخب کیا گیا۔ فاروق امین کو جونیئر نائب صدر، فیض بخشی کو سیکرٹری جنرل، عاقب چایاکو جوائنٹ سیکرٹری جنرل اور مامیر منظور کو خزانچی منتخب کیا گیا ہے۔نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے بھی باضابطہ طور اس سیشن کے دوران چارج سنبھال لیا جس میں کشمیر بھر سے سرکردہ صنعت کاروںاور تجارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر جاوید ٹینگا نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں ممبران کا اُن پر اعتماد کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا اور کشمیر میں معاشی استحکام، انٹرپرینیورشپ اور تجارتی سہولتوں کو فروغ دینے کیلئے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے، کاروباری پالیسی کی شمولیت کو بہتر بنانے اور خطے کی اقتصادی ترقی میں نوجوانوں کی شرکت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اے جی ایم نے گزشتہ مدت کے دوران چیمبر کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا، تجارتی وکالت، سیاحت کی بحالی اور صنعتی ترقی میں اقدامات کو اجاگر کیا۔ اراکین نے حکومت اور کاروباری اسٹیک ہولڈروں کے درمیان بنیادی چیلنجوں، بشمول بنیادی ڈھانچے کی رکاوٹوں، سرمایہ کاری کے بہاؤ اور برآمدی تعاون سے نمٹنے کیلئے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔