جموں//جموں کے مضافات میں قائم اور برگیڈئر خدا بخش کے نام سے موسوم کے بی پبلک اسکولکے بی پی ایس کے سالانہ دن کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں قبائلی امور کے وزیر چودھری ذولفقار علی مہمان خصوصی جب کہ ایم ایل سی فردوس ٹاک اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر نیز کے بی پبلک ہائر سکینڈری اسکول کے بانی مسعود چودھری مہمانان ذی وقار کے طور پر موجود تھے ۔وزیر موصوف نے کہا ہے کہ تعلیم بچے کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم رول ادا کرتی ہے ۔ ایم ایل سی فردوس احمد ٹاک نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکول کو طلاب تک معیاری تعلیم پہنچانے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقیات اور روحانی رہنمائی سے طلاب کی مجموعی شخصیت کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے تعلیم کی افادیت کو واضع کرتے ہوئے کہا کہ طلاب کو ذمہ دار شہری بنانے میں اساتذہ کی ایک اہم ذمہ داری بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے والدین کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے سکول میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے اپنے سی ڈی ایف میں سے 3 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ اس سے پہلے پرنسپل نے سکول کی حصولیابیوں سے متعلق ایک خاکہ پیش کیا ۔ بعد میں طلبا نے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا ۔ وزیرنے طلاب میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔