جموں//ریاستی پبلک سروس کمیشن نے پیر کے روز کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروسز KASامتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔ 51اسامیوں کے لئے ہوئے ان نتائج میں اب کی بار جموں صوبہ کے امیدواروں نے بازی مار لی اور مجموعی طور پر 36امیدوار کامیاب قرار دئیے گئے، 2امیدوار کا تعلق لیہہ سے جب کہ 13کا وادی کشمیر سے ہے ۔ پہلی پوزیشن سرنکوٹ پونچھ کے رہنے والے انجم بشیر خان خٹک نے حاصل کی ، انہوں نے 1514.33 نمبرات حاصل کئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر کشتواڑ کی عالیہ تبسم دختر غلام مصطفی رہیں جب کہ تیسری پوزیشن بھروا بھدرواہ کے فرید احمد ولد بشیر احمد شیخ کے حصہ میں آئی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ پبلک سروس کمیشن نے 24اپریل 2014کو ان اسامیوں کے لئے درخواستیں طلب کی تھیں جس کے لئے ریاست بھر کے 20180امیدواروں نے فارم پر کئے تھے۔ 30اگست2015کو منعقدہ پرلیمنری امتحانات میں 12145امیدواروںنے شرکت کی اور ان میں سے 1275امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ 11فروری سے 27فروری 2017تک منعقد ہونے والے مینز کے لئے 1258امیدواروں نے فارم جمع کئے لیکن صرف 938امیدوار شریک ہوئے اور اس میں 175امیدواروں کو انٹرویو کےلئے طلب کیا گیا۔ 20نومبر سے 6دسمبر تک لئے گئے انٹرویو میں 51امیدواروں کو منتخب قرار دیا گیا ہے اور انہیں طبی معائینہ کےلئے طلب کر لیا گیا ہے ۔