عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جموں و کشمیر میں تیز رفتار اور معیاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کشمیرڈویژن کے کیپیکس بجٹ 2025-26 کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے خطے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ میٹنگ کے دوران نائب وزیراعلیٰ نے سڑکوں، پُلوں، میکنیکل، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر کنکٹویٹی سے متعلق جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے تمام جاری منصوبوں کے کام میں تیزی لانے اور اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنے کے لئے رُکاوٹوں کے بروقت ازالے کی سخت ہدایات جاری کیں۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اوّلین ترجیح ہونی چاہیے کیو ںکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی رابطے کو بہتر بنانے، عوامی سہولیات کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر کی مجموعی سماجی و اِقتصادی ترقی کو تقویت دینے میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔اُنہوں نے تمام اِنجینئرنگ وِنگوں کو ہدایت دی کہ نگرانی کو مزید سخت کریں، تکنیکی معیارات کی سختی سے پابندی کریں اور جاری کاموں کو شفاف، مؤثر اور نتیجہ خیز طریقے سے مکمل کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت اعلیٰ معیار کے عوامی بنیادی ڈھانچے پر خصوصی زور دیتے ہوئے ترقی کو تیز کرنے پر پوری توجہ مرکوز کر رہی ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا، ’’اِنتظامیہ اس بات کے لئے پُرعزم ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات بلا تاخیر عوام تک پہنچ سکیں۔‘‘ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے پی ایم جی ایس وائی کی بروقت تکمیل، سردیوں میں شدت آنے سے پہلے سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی بروقت مرمت اور میکنیکل اِنجینئرنگ خدمات کی مؤثر کارکردگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔