محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی رابطہ سڑکیں آہستہ آہستہ خستہ حالی کا شکار ہوتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات درپیش ہونے کا خدشہ پیداہو گیا ہے ۔سب ڈویژن میں بدھل سے ترگائین جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ 6ماہ سے بند ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کی عوام گزشتہ کئی عرصہ سے مشکلات کا شکار ہے ۔محمد رفیق چوہدری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ سڑک کئی عرصہ سے بند پڑی ہوئی ہے کیونکہ ہر تیسرے روز سڑک پر سلائیڈنگ آتی ہے اور سڑک بند ہو جاتی ہے ۔محمد رفیق نے محکمہ تعمیرات عامہ سے استدعا کرتے ہوے کہا کہ سڑک بند ہے اور لوگ پریشان حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب فصل کٹائی کا موسم بھی اختتام پر ہے اور کھیتوں میں دوبارہ سے فصلوں کی بوائی کے دن قریب آرہے ہیں لیکن سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے کسانوں کی پریشانیاں بھی بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی مکمل بحالی اور متبادل راستے کیلئے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عام لوگوں کی پریشانیاں ختم ہو سکیں ۔