سرینگر//محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ کنٹرول کی ٹیم نے جمعرات کو جموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن کی طرف سے فراہم کی گئی اینٹی کینسر دوائی کے کئی نمونے کشمیر نرسنگ ہوم سرینگر سے حاصل کئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کینسر مخالف دواCisplatin میں غیر ضروری اجزا کی نشاندہی کے بعدنیم طبی عملے نے ایک تحریری شکایت محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ کنٹرول درج کرائی۔ کشمیر نرسنگ ہوم میں شعبہ آنکولاجی میں تعینات عملہ اس وقت حیران رہ گیا جب انہوں نے اینٹی کینسردوائی Cisplatinمیں کئی غیر ضروری اجزا کو دیکھا۔ کشمیر نرسنگ میں موجود ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ” میڈیکل سپلائز کارپوریشن کی طرف سے سپلائی کی گئی دوا کو دیکھ کر ملازمین اسوقت حیران ہوئے جب انہوں نے Cisplatin کی شیشیوں میں براﺅن رنگ کا مواد دیکھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں صرف 75بوتلیں ہی دستیاب ہیں جن کو منجمند کیا گیا جبکہ نمونے تحقیق کیلئے ممبئی روانہ کئے گئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقی رپوٹ آنے کیلئے لمباعرصہ لگ سکتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اینٹری کینسر Cisplatinکی تمام دوائی کو منجمد کیا گیا ہے۔