عظمیٰ نیوزسروس
بانڈی پورہ// قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کے لیے ایک ہفتہ طویل تربیتی پروگرام’ ایک کیمیائی فری فارمنگ ‘جس میں مویشیوں اور متنوع فصلوں کے نظام شامل ہیں، ہفتہ کو کرشی وگیان کیندر گریز میں اختتام پذیر ہوا۔KVK گریز نے نیشنل مشن آن نیچرل فارمنگ کے تحت تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔اس پروگرام کا مقصد نچلی سطح کے کارکنوں کو تربیت دینا تھا۔پروگرام کے دائرہ کار کے تحت ہر کلسٹر سے دو کرشی ساکھیوں کو کل 30 ٹرینی بنانے کی تربیت دی گئی۔اس تقریب میں 30 موضوعاتی شعبوں کا احاطہ کیا گیا جس پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کے ذریعے طوالت سے بحث کی گئی اور اس کے بعد عملی مظاہرے اور فیلڈ وزٹ ہوئے۔اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر بانڈی پورہ، SDAO بانڈی پورہ، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر گریز، زرعی یونیووسٹی کشمیر کے سائنسدانوں، حیوانات، بھیڑ پالنے کے افسران نے شرکت کی جنہیں ریسورس پرسن کے طور پر بھی کام سونپا گیا تھا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سب ڈویڑنل مجسٹریٹ، گریز، مختار احمد نے سخت موسمی حالات میں گریز میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی مجموعی ترقی کے لیے کسانوں کو مہارت پیدا کرنے، علم فراہم کرنے کے لیے KVK گریز کی کوششوں کو سراہا۔کے وی کے گریز کے سربراہ، ڈاکٹر ہلال احمد ملک نے وائس چانسلر شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کشمیر، پروفیسر نذیر احمد گنائی کی طرف سے کاشتکاری کے شعبے کو فروغ دینے کی ہدایات کا اعادہ کیا اور کہا کہ کسی کیمیکل یا مصنوعی استعمال کو فروغ دینے کے بغیر مخصوص فصلوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور بتایا کہ قدرتی کھیتی ایک ایسا ہی پروگرام ہے جس سے بہترین کارکردگی حاصل کی جاسکتی ہے۔