سرینگر//کولگام کے ہائورہ کیموہ علاقے میں احتجاج اور سنگبازی کے دوران فوجی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہواہے۔22سالہ نوجوان عارف رشیدلون شدید زخمی ہوگیا،اوراُسکوخون میں لت پت ضلع اسپتال اسلام آباد (اننت ناگ)منتقل کیاگیاجہاں اُسکی حالت خطرے سے باہربتائی جاتی ہے ۔ جنوبی ضلع کولگام میں سوموارکی صبح اسوقت تشویش اورناراضگی کی لہردوڑگئی جب فوجی اہلکاروں کی ایک گشتی پارٹی نے ہاوئورہ مش پورہ گائوں میں مظاہرین کے ایک گروپ پرفائرنگ کردی ،اوراس دوران 22سالہ نوجوان عارف رشید لون ولد عبدالرشید لون ساکنہ ہاوئورہ زخمی ہوگیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ فوجی اہلکاروں نے ہجوم کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے ہوا میں گولیوں کے چند رائونڈ فائر کئے اور بعد میں مظاہرین کو راست فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔گولیاں چلنے کی آواز سنتے ہی پورے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی اور لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے دیکھا گیا جبکہ دکانداروں نے بھی اتھل پتھل کے عالم میں دکانیں بند کیں اور سڑکوں پر دیکھتے ہی دیکھتے سناٹا چھا گیا۔زخمی نوجوان کو فوری طور پر علاج ومعالجہ کی خاطر سب ضلع اسپتال قیموہ پہنچایا گیا تاہم یہاں سے اُسے ضلع اسپتال اسلام آباد( اننت ناگ) منتقل کیا گیا ۔ اسپتال ذرائع کاکہنا تھا کہ نوجوان کے منہ میں گولی لگی ہے۔تاہم ڈاکٹروں نے بتایاکہ فوری علاج ومعالجہ کے بعدزخمی نوجوان کی حالت مستحکم ہے۔اُدھر مقامی لوگوں نے بتایاکہ کچھ نوجوانوں اوربچوں نے ہاوئورہ مش پورہ علاقہ میں فوج کی ایک گشتی پارٹی پرمعمولی نوعیت کی سنگباری کی ،اورفوجی اہلکاروں نے اسکے جواب میں فائرنگ کی ۔انہوں نے الزام لگایاکہ فوجی اہلکاروں نے گھروں میں گھس کرمکانوں کی توڑ پھوڑ کی اورخواتین سمیت مکینوں کی مارپیٹ بھی کی۔انہوں نے کہا کہ مارپیٹ کے نتیجے میں ایک خاتون کو چوٹیں آئیں اور اسے اسپتال لیجانا پڑا۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور فورسز کی بھاری نفری ہائوورہ مشی پورہ پہنچی جہاں ان کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ کچھ دیر کیلئے جاری رہا۔بعد میں فورسز کی اضافی کمک طلب کرکے حساس مقامات پر تعینات کی گئی اور پتھرائو پر قابو پالیا گیا،البتہ علاقے کی صورتحال دن بھر پر تنائو رہی ۔