ویلنگٹن// کیشو مہاراج (40 رن پر چھ وکٹ) کے کیریئر کی بہترین گیندبازی سے جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو آٹھ وکٹ سے جیت درج کر کے تین میچوں کی سیریز میں ایک ۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز 63.2 اوور میں 171 رن پر سمٹنے کے بعد جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 81 رن کا معمولی ہدف ملا تھا جسے اس نے 24.3 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 83 رن بنا کر حاصل کر لیا۔ ہاشم آملہ 38 رن اور جے پی ڈومنی 15 رن بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے اور تیسرے وکٹ کے لئے 35 رن کی اہم ناٹ آوٹ ساجھے داری کرکے ٹیم کو تیسرے ہی دن جیت دلا ئی۔ ٹم ساؤتھی نے اسٹیفن کک (11) اور نیل ویگنر نے ڈین ایلگر (17) کا وکٹ حاصل کیا ۔ اسی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں ایک ۔صفر کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ افریقہ کے اسپنر کیشو کو ان کے کیریئر کی بہترین گیندبازی کیلئے مین آف دی میچ دیا گیا۔کیشو نے نیوزی لینڈ کے آٹھ وکٹ حاصل کئے ۔اس کے علاوہ مورن مورکل نے 50 رن پر تین وکٹ حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم تعاون دیا جبکہ کیگسو ربادا کو ایک وکٹ ملا۔ اس سے پہلے صبح جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز کا آغاز نو وکٹ پر 349 رن سے آگے شروع کیا تھا۔ اس وقت ورنون فلینڈر 36 اور مورکل 31 رن بنا کر کریز پر تھے اور اسے 81 رن کی برتری حاصل تھی۔ دونوں بلے بازوں نے 10 ویں وکٹ کے لئے 57 رن کی اہم ساجھے داری کی اور کل کے اسکور میں 10 رنز جوڑے ۔ مورکل کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی مہمان ٹیم کی پہلی اننگز 90 رن پر 359 رن پر سمٹ گئی۔اس کے بعد نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کی شروعات کی اور مورکل نے میزبان ٹیم کے ابتدائی تین وکٹ حاصل کرکے اسے زبردست جھٹکے دیے ۔