پٹنہ// مغربی بنگال کے گورنرکشری ناتھ ترپاٹھی نے بہار کے گورنر کے طور پر حلف لیا۔ مسٹر کیشری ناتھ ترپاٹھی کو آج یہاں راج بھون میں پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس راجندر مینن نے حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نتیش کمار، بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار چودھری، نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، اور حزب اختلاف کے لیڈر پریم کمار کے علاوہ نتیش کابینہ کے بہت سے دوسرے وزرائبھی موجود تھے۔واضح رہے کہ صدارتی انتخابات کے لئے بہار کے گورنر رام ناتھ کووند نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ اس کی وجہ سے مسٹر ترپاٹھی کو بہار کا قائم مقام گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ مسٹر ترپاٹھی اس سے قبل بھی بہار کے انچارج گورنر رہ چکے ہیں۔ گورنر کے طور پر مسٹر دیو آنند کنور کی مدت ختم ہونے اور 16 اگست 2015 کو مسٹر رام ناتھ کووند کی حلف برداری سے پہلے تک وہ بہار کے قائم مقام گورنر رہ چکے ہیں۔