محمد تسکین
بانہال/ /رام بن کے چندرکوٹ علاقے میں کیسری دنگل 2025 میں ایرانی پہلوان احمد مرزا پوریا نے پنجاب کے بھوپندر اجنالہ کو شکست دیکر اس کشتی کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔کووڈ کی وجہ سے یہ دنگل قریب پانچ سال کے وقفے کے بعد پیر رام بن کے چندرکوٹ علاقے میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو ، ایس ایس پی رام بن کلبیر سنگھ ، فوج ، پولیس اور سول انتظامیہ کے افسروں ، معزز شہریوں اور عام تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس دنگل میں پچاس سے
زائد پہلوانوں نے شرکت کی اور وہاں موجود سینکڑوں شائقین نے اپنے سامنے ملکی اور غیر ملکی پہلوانوں کو مقابلے میں دیکھا۔ اس دنگل کا اہتمام دنگل کمیٹی چندرکوٹ کے مقامی منتظمین اور سرگرم ارکان ڈی ایس پی ماجد علی ، عرفان حیدر اور محفوظ علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے ماجد علی نے کہا کہ کووڈ انیس کیوجہ سے معطل رہنے کے بعد شروع کی گئی دنگل پانچ سال بعد منعقد کی گئی ہے اور اس نے ملک کے مختلف حصوں اور ایران کے کھلاڑیوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔پچاس کے قریب مقابلوں کے بعد ایرانی پہلوان احمد مرزا پوریا ( رستم ایران) نے پنجاب کے بھوپندر اجنالہ کو شکست دیکر کیسری دنگل کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور انہیں اعزازات سے نوازا گیا۔ رام بن کے ایم ایل اے ارجن سنگھ راجو نے منتظمین خاص طور پر پولیس افسر ماجد علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب نے کامیابی کے ساتھ دنیا سے باہر دو پیغامات پہنچائے ہیں کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور اس کے نتیجے میں سرحد پار دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کیلئے آپریشن سندھور کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال پرامن ہے۔ نیشنل کانفرنس قانون ساز نے کہا کہ ہماری افواج بہت مضبوط ہیں اور کوئی خطرہ نہیں ہے اور اس دنگل میں غیر ملکی پہلوانوں کی شرکت دہشت گردوں کیلئے ایک زبردست جواب تھا جو ہمارے بھائی چارے کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں سے کہا کہ وہ کھیلوں کو اپنائیں اور منشیات سے دور رہیں۔تقریب میں سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس کلبیر سنگھ نے تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہار کررے ہوئے اس مقابلے میں شرکاء ، منتظمین اور سول سوسائٹی کا شکریہ آدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کھیلوں کی سرگرمیوں کی ہمیشہ پولیس کی طرف سے حمایت اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔