جاوید اقبال
مینڈھر//تحصیل مینڈھر کے گاؤں کیری گلہوتہ میں مسلسل بارش کے نتیجے میں ایک غریب شخص عبدالرشید کا مویشی خانہ زمین بوس ہو گیا۔ اس حادثے میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عبدالرشید کے لئے یہ ایک بڑا مالی دھچکا ہے کیونکہ یہی مویشی اس کے روزگار کا واحد ذریعہ تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق یہ مویشی خانہ کافی پرانا اور کچی مٹی سے بنا ہوا تھا جو حالیہ مسلسل بارشوں کی تاب نہ لا سکا اور اچانک زمین بوس ہو گیا۔ خوش قسمتی سے اس وقت مویشی باہر چرنے گئے ہوئے تھے، جس کی وجہ سے کوئی مویشی اس حادثے کا شکار نہیں ہوا۔عبدالرشید نے مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے فوری مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ مویشیوں کے لئے دوبارہ پناہ گاہ تعمیر کر سکے۔ اس نے بتایا کہ وہ پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار ہے اور اب مویشی خانہ گرنے کے بعد حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔علاقے کے لوگوں نے بھی عبدالرشید کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کی فوری مدد کرے اور دیہی علاقوں میں مویشی خانوں اور کمزور تعمیرات کا جائزہ لے کر مناسب اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔