اشرف چراغ
کپوارہ// سیکورٹی حکام نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ کیرن سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک در اندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مسلح تصادم آرائی کے دوران 3ملی ٹینٹ مارے گئے ۔ علاقہ کو گھیرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی جاری ہے ۔فوج نے ایک سماجی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’ آپریشن دھنوش ‘‘ کے تحت کیرن میں حد متارکہ پر آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ۔پوسٹ پر لکھا گیا ’’ کیرن سیکٹر میں فوج نے حد متارکہ پر ملی ٹینٹوں کے ایک مشکوک گروپ کو دیکھا جودراندازی کی تاک میں بیٹھا تھا‘‘ ۔فوج نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کے گروپ کی کنٹرول لائن کے اس پار آمد کے فوری بعدعلاقہ کو گھیرے میں لیا گیا اور تمام راستو ں کی ناکہ بندی کی گئی۔فوج کا کہنا ہے کہ انہو ں نے ملی ٹینٹوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی لیکن انہو ں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیو ں کو تبادلہ ہوا ، جو کافی دیر تک جاری رہا،جس میں ابتدائی طور 3ملی ٹینٹ کو ہلاک کیا گیا ۔ پورے علاقہ کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔فوج کا کہنا ہے کہ علاقہ میں فوج کی مذید کمک طلب کر کے تمام راستو ں کو سیل کیا گیا ہے ۔اس تلاشی کارروائی میں فوج کی جانب سے 3ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کے حوالہ سے سرکاری طور کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔