کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک فوج نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسلح جنگجو کو جا ں بحق کر نے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ کرالہ پورہ کے چوکی بل علاقے کے جنگلوں کو فوج نے محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ہے ۔فوج کا کہنا ہے کہ 3/4گورکھا ریجمنٹ نے کیرن سیکٹر میں حدمتارکہ پر بملا پوسٹ کے نزدیک گزشتہ شب جنگجوئوں کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی جس کے بعد فوج نے انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی تاہم جنگجوئو ں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولی باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔فوج نے دعویٰ کیا کہ جھڑپ میں ایک جنگجو جا ں بحق کیا گیا اور علاقہ کے ایک بڑے حصے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے۔کیرن سیکٹر میں در اندازی سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں بھی معلوم ہو اہے کہ جھڑپ میں ایک عدم شناخت جنگجو کو جا ں بحق کیا گیا ۔اس دوران فوج کی ایک بھاری جمعیت نے چوکی بل کرالہ پورہ کے رنگواڑ میں جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ہے جو جمعرات کی شام دیرگئے تک جاری تھی ۔ فوج کو خدشہ ہے کہ علاقہ میں جنگجو موجود ہیں ۔