سرینگر//جے کے بنک عملے نے کیرالہ ریاست کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے11کروڑ روپے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چیئرمین و سی ای او پرویز احمد اپنے 2مہینوں کی تنخواہ اور ملازمین نے اپنی6دن کی تنخواہ متاثرین کے حق میں واگذار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دوران ایگزیکٹیو پریذیڈنٹس نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کیرلہ متاثرین کے حق میں واگذار کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بنک کی اعلیٰ انتظامیہ نے بھی سیلاب متاثرین کے حق میں بڑھ چڑھ کر رقومات و عطیات پیش کرنے میں سبقت لی ہے۔سیلاب متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نے کہاکہ ’’اس حجم اور کمیت کی قدرتی آفات تباہ کاریوں کی داستانیں رقم کرتی ہیں۔یہ آفات لوگوں کے گھروں کو تباہ کرتے ہیں ،فصلوں کو ختم کرتے ہیں ،زندگیوں کو تباہ کرتے ہیں اور تجارتوں کو نقصان کرتے ہیں ۔حالیہ برسوں میں اسی طرح کے تباہ کن سیلاب کا تجربہ ہونے کے ناطے ،ہم سیلاب کی تباہ کاریوں کو محسوس کرتے ہیں اور متاثرہ لوگون کے درد کو سمجھتے ہیں ،۔انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم کیرلہ کے متاثرین کے لئے دعا گو ہیں کہ وہ جلد از جلد اس مصیبت سے چھٹکارا پائیں اور پھر سے زندگی کی پٹری پر لوٹ آئیں۔انہوں نے کہاکہ ’’میں اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں ایسے ادارے کی سربراہی کرتا ہو جوکہ نرم دل انسانی سرمایہ پر محیط ہے ،جو انسانی سرمایہ سماج کی خدمت کیلئے ہمیشہ ہراول دستے کے بطور کام کرتا ہے ۔نیک تمنائوں اور دعائوں کے ساتھ جے کے بنک کنبے نے حتی المقدور ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے بنک کی آفیسرس ایسوسی ایشن کے ایک نمائندے نے کہاکہ چیئرمین و سی ای او بنک نے اپنے دو ماہ کی تنخواہ وقف کرکے ادارے کے دیگر عملے کیلئے ایک مثال قائم کی جنہوں نے فوری طور اپنے 6روز کی تنخواہ سیلاب متاثرہ کیرلہ کیلئے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ بنک چیئرمین نہ صرف ادارے کیبزنس کو بڑھانے کیلئے فکر مند رہتے ہیں بلکہ وہ سماجی و فلاحی کاموں مین بھی ہمیشہ قائدانہ رول ادا کرتے ہیں ۔