کنگن/ غلام نبی رینہ // سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کیجول ملازمین نے تنخواہوں کی عدم دستیابی پر کام چھوڑ ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ سنیچرکو سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی میں تعینات کیجول لیبروں کے اتھارٹی کے دفتر کے احاطے میں احتجاجی دھرنا دیکر مظاہرے کئے جس کے نتیجے میں اتھارٹی کا کام متاثر ہوا ۔مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ اگرعید سے قبل 6ماہ کی تنخواہیں واگذار نہیں کی گئیں تو وہ کام چھوڑ ہڑتال شروع کرنے پر مجبور ہوجائینگے ۔مظاہرین کاکہنا ہے کہ کیجول لیبر اپنی ڈیوٹی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں لیکن اس کے برعکس اتھارٹی میں تعینات افسران انہیں غیر حاضر ی ڈال کر پریشان کررہے ہیں ۔کیجول لیبر یونین کے صدرمشتاق احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وقت پر اجرتیں نہ ملنے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر عید سے قبل اگر کیجول لیبروں کی 6ماہ کا بقایا تنخواہ واگذار نہیں کیا گیا تو وہ مجبور ہوکر کام چھوڑ ہڑتال شروع کریں گے جس کی ذمہ داری اتھارٹی پر عائد ہوگی ۔ملازمین نے سی ای او سونہ مرگ ،کمشنر سیکرٹری سیاحت سے مطالبہ کیا ہے کہ کیجول لیبروں کو عید سے قبل 6ماہ کا بقایا تنخواہ واگذار کرنے کے لئے ذاتی مداخلت کرے تاکہ انہیں مذید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔