نئی دہلی// دہلی کابینہ سے ہٹائے گئے کپل مشرا نے وزیراعلی اروند کیجریوال پر بدعنوانی کے الزامات لگانے کے بعد اب انہیں کراول نگر یا نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے چنا¶ لڑکر جیتنے کا چیلنج کیا ہے ۔مسٹر مشرا نے آج مسٹر کیجریوال کو ایک خط لکھ کر یہ چیلنج دیا۔ انہوں نے یہ خطے اخباری نمائندوں کے سامنے پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ آج ان کے خلاف سی بی آئی میں ایف آئی آر درج کرانے جارہے ہیں۔ ان کا دل بھاری ہے مگر خاموش رہنا بھی ناممکن ہے ۔مسٹر مشرا نے اسے اپنی زندگی کی سب سے بڑی جنگ قرار دیتے ہوئے مسٹر کیجریوال سے جیت کے لئے آشیرواد مانگنے کے ساتھ ساتھ ایسا کرنے کے لئے معافی بھی مانگی ہے ۔مسٹر مشرا نے وزیر اعلی پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ''آپ نے اور چار پانچ ساتھیوں نے مل کر ملک کا بھروسہ توڑا ہے ۔'' انہوں نے لکھا ہے ''بدعنوانی سے لڑنا، سچ کے لئے اڑنا آپ سے ہی سیکھا تھا۔ جس گروسے تیر کمان چلانا سیکھا تھا آج اسی پر تیر چلانے ہیں۔ من بہت بھاری ہے پر خاموش رہنا ناممکن ہے ۔''خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ ان کی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مسٹر کیجریوال کو چیلنج کیا ہے کہ اگر ان میں تھوڑی سی بھی اخلاقیت باقی ہے اور اپنے اوپر تھوڑا سا بھی بھروسہ ہے تو وہ دہلی سے ایک بار پھر الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ قراول باغ سیٹ سے استعفی دینے کو تیار ہیں اور مسٹر کیجریوال اس سیٹ سے یا اپنی نئی دہلی سیٹ سے جسے بھی وہ منتخب کریں، انتخابی میدان میں اتریں۔ انہیں اگر کرسی کا ڈر ہے تو وہ بغیر استعفی دیئے قرول باغ سیٹ سے ہی الیکشن لڑ لیں۔مسٹر مشرا نے کہا ہے کہ انہوں نے اگر اینٹی کرپشن بیورو کو خط نہ لکھا ہوتا تو مسٹر کیجریوال انہیں آناً فاناً میں کابینہ سے نہیں ہٹاتے ۔ ان کے مطابق وزیر اعلی نے عام آدمی پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے کچھ ارکان سے خود یہ بات کہی ہے ۔انہوں نے لکھا ہے ، ''آپ نے جعلسازی، بدعنوانی کی سازش کی ہے ، میں اسے توڑنے نکلا ہوں۔ بالکل تنہا۔اس جال میں آپ مجھے گھیروگے ، حملہ کرو گے ،مجھے جھوٹا ثابت کرو گے ،یا تو میں آپ کے جال کو توڑ کر فتح حاصل کروں گا یا پھر ابھیمنیو کی طرح مار دیا جا¶ں گا، مجھے دونوں قبول ہے ۔''مسٹر مشرا نے مسٹر کیجریوال سے کہا کہ آج آپ اسمبلی میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش کرو گے ۔ اپنے ہی ممبران اسمبلی سے تالیاں بجوا¶گے ، خود ہی مجرم، خود ہی جج اور خود ہی گواہ بنو گے ۔ اپنے لئے 'تالیوں اور میرے لیے گالیوں' کے درمیان یہ دھیان رکھیے گا کہ میں آپ کی ہر چال کو سمجھتا ہوں۔ ایک ایک قدم پھونک بھونک رکھ رہا ہوں۔''انہوں نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ دیکھا ہے اور جو کچھ جانتے ہیں وہ سب سی بی آئی کو بتائیں گے ۔بعد میں نامہ نگاروں کے سوال پر مسٹر مشرا نے کہا کہ مسٹر کیجریوال ان کے گرو رہے ہیں اس لئے وہ ان سے معافی اور آشرواد دونوں مانگ رہے ہیں۔ مسٹر کیجریوال جو پہلے کرتے تھے وہی وہ کر رہے ہیں۔''مسٹر مشرا نے مسٹر کیجریوال پر اپنے ہی ایک وزیر ستیندر جین سے دو کروڑ روپے کی رقم نقد لینے کا الزام لگایا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ مسٹر جین نے دہلی کے چھتر پور علاقے میں مسٹر کیجریوال کے ساڈھو کے لئے سات ایکڑ زمین کا سودا 50 کروڑ روپے میں کرایا اور محکمہ تعمیرات عامہ کے دس کروڑ روپے کے جعلی بل صحیح کروائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے بہت سے لوگوں نے انہیں فون کر کے بتایا ہے کہ پارٹی کے چار پانچ سینئر لوگوں نے پنجاب انتخابات میں شراب، مال و دولت اور لڑکیوں کا استعمال کیا ہے ۔ دہلی میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں بھی ٹکٹوں کے لئے پیسے کا لین دین ہوا ہے ۔یواین آئی۔