نئی دہلی/یو این آئی/ ایکسائز پالیسی 2021-22 (جسے تنازعہ کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا) کے مبینہ گھوٹالے کے ملزم دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی طرف سے دیے گئے گرفتاری کے نوٹس پر خصوصی عدالت کے حکم کے ساتھ ساتھ گرفتاری کو جواز فراہم کرنے والے ریمارکس کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ کیجریوال، جو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے مقدمے میں مارچ سے تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں بند تھے، کو سی بی آئی نے 26 جون کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا تھا۔ اسی دن سی بی آئی کی درخواست پر خصوصی عدالت نے انہیں تین دن کیلئے اس مرکزی تفتیشی ایجنسی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد خصوصی عدالت نے ہفتہ 29 جون کو سی بی آئی کی درخواست پر انہیں 12 جولائی تک عدالتی حراست میں بھیج دیا۔