سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ہر ایک ہائیر سکینڈری سکول میں کونسلنگ سیل قائم کئے گئے ہیں تاکہ بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعد طلاب کو آج کل کے مقابلہ آرائی کے دور میں دستیاب نئے کورسوں کے بارے میںجانکاری فراہم ہوسکے ۔وزیر موصوف کل گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ میں محکمہ تعلیم کی طرف سے منعقد کئے گئے ایک صوبائی سطح کے کیئریر کونسلنگ اینڈ گائیڈنس سیشن کا آغاز کرنے کے بعد خطا ب کر رہے تھے ۔حال ہی میں بارہویں جماعت کے امتحان میں شامل ہوئے 20طلاب کو اس سیشن کے لئے منتخب کیا گیا جن کا تعلق سرینگر، گاندربل ، بڈگام اور پلوامہ اضلاع سے تھا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بارہویں جماعت کے طلاب کی رہنمائی کی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیت اور پسند کے مطابق اپنا کیئریر چن سکیں۔طلاب کے ساتھ استفسار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی 600سکولوں کادرجہ پرائمری سے مڈل اور مڈل سے ہائی اور ہائی سے ہائیر سیکنڈری سطح تک بڑھانے کو منظوری دی ہے ۔ناظم تعلیم ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کہ وزیر تعلیم کی ہدایت پر محکمہ نے وادی بھر میں روبرو نامی پروگرام شروع کیا ہے جہاں طلاب کے مسائل کی شنوائی ہوتی ہے اور انہیں موقعہ پر ہی حل کیا جاتا ہے۔کشمیر یونیورسٹی ، این آئی ٹی ، ڈی آئی ای ٹی اور ڈی ایس ای کے کے ماہرین نے اس پروگرام کے دوران طلبا ء کی کیئریر کونسلنگ کی۔