سرینگر ///وزیر خزانہ ، محنت و روزگار ڈاکٹر حسیب اے درابو نے طلاب کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنے کیئریر کو محض نوکری کے تناظر میں نہ دیکھیں بلکہ اسے اپنے لئے بااختیار بنانے کا ایک ذریعہ تصور کریں۔سرینگر میں محکمہ لائبریریز اور یونیورسٹی آف کشمیر اور انڈین پبلک لائبریری مومنٹ کے اشتراک سے منعقدہ کونسلنگ اینڈ گائیڈنس پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیئریر محض ایک نوکری نہیں ہوتی ہے بلکہ یہ انسان کو سماجی و اقتصادی طور بااختیار بناتا ہے ۔اس موقعہ پر انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات سے طلاب کو روشناس کرایا۔ تقریب پر کمشنر سیکرٹری ثقافت دلشاد خان ، وی سی کشمیر یونیورسٹی خورشید اقبال اندرابی ، ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسر چ مختار العزیز اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر درابو نے کہا کہ ریاست کی لائبریریوں کو علوم کے مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیئے جن کی طرف زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ راغب ہوسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ لائبریریوں کو ان جگہوں میں تبدیل کیا جانا چاہیئے جن کے ساتھ لوگوں کی دانشورانہ اور سماجی وابستہ ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ طلاب کو ایک اچھی نوکری دلانے کے لئے صرف کونسلنگ ہی کافی نہیں ہوسکتی تاہم انسان کے نظرئیے میں صحیح تبدیلی آنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ نوکری کے بجائے ایک اچھے کیئریر کی جانب توجہ دی جانی چاہیئے۔انہوںنے جموں وکشمیر کو دانشمندی کے ایک اہم مرکز کے طور پر نکھارنے کے لئے لازمی تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریاست کی سول سوسائٹی کو آگے آکر ہمیں درپیش سماجی مسائل کا نمٹارہ کرنا چاہیئے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقی پذیر دنیامیں حکومت کی پالیسیاں سماج کی چاہت سے قدرے مختلف ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہمارے بچے ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں تو یہ زیادہ فائدہ بخش ہونا چاہیئے لیکن صورت حال اس کے برعکس ہے کیونکہ ہم ٹیلنٹ کو بڑھاوادینے کے لئے ایک صحیح ماحول دستیاب نہیں کراتے ۔انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کریں۔