عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ملک کی کئی ریاستوں میں ٹھنڈ نے دستک دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی صبح میں کہرے کا اثر بھی دکھنے لگا ہے۔ اس کا اثر ریل خدمات پر بھی پڑ رہا ہے۔ کہرے اور دھند کی وجہ سے ٹرینیں کافی تاخیر سے چل رہی ہیں جبکہ کئی ٹرینوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا ہے۔ ایسا لگتا ہے ٹرینوں کی رفتار پر بریک سی لگ گئی ہے۔کہرے کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے کے سبب ٹرینوں کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔ اس سے سفر میں لگنے والا وقت کافی بڑھ جاتا ہے جس سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ویسے اب کہرے سے نپٹنے کے لیے امبالہ ریل ڈویژن نے ایک نئی ترکیب نکالی ہے۔ اس کے تحت افسروں کی ڈیوٹی بھی اسٹیشنوں پر لگائی جائے گی۔
ریلوے کے مطابق ایسی حالت میں فاگ سیف ڈیوائس کو لوکو پائلٹ کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ڈیوائس سگنل کی ایک دم صحیح جانکاری دیتا ہے۔ ساتھ ہی یہ الگ مقامات پر لگے سگنل کو خصوصی طور سے وارننگ کے ساتھ بتاتا ہے تاکہ ٹرینوں کی آمد و رفت محفوظ اور بلا رکاوٹ ہو سکے۔
وارانسی ریلوے اسٹیشن آتشزدگی | 200موٹر سائیکلیں خاکستر
عظمیٰ نیوز ڈیسک
وارانسی//اتر پردیش کے وارانسی شہر کے کینٹ ریلوے اسٹیشن پر اچانک آگ لگنے سے افرا تفری مچ گئی۔ اطلاع کے مطابق، آگ اسٹیشن کے پارکنگ ایریا میں لگی، جہاں تقریباً 200موٹر سائیکلیں جل کر خاک ہو گئیں۔ آگ کے لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کے چھ گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچیں اور دو گھنٹے کی کڑی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔مقامی حکام کے مطابق، آگ لگنے کی وجہ شاید شارٹ سرکٹ ہے۔ گاڑیوں میں آگ لگنے سے اسٹیشن پر بڑا نقصان ہوا اور ریلوے کے ملازمین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر فائٹرز اور پولیس نے چند دوسری موٹر سائیکلوں کو مزید جلنے سے بچا لیا۔ اس دوران، ریلوے کے ملازمین نے بتایا کہ کچھ گھنٹے پہلے رات تقریبا 10:30 بجے ایک بار شارٹ سرکٹ ہوا تھا، جسے درست کرنے کے لیے بجلی کے ملازمین آئے تھے۔ تاہم، کچھ گھنٹوں بعد دوبارہ شارٹ سرکٹ کے سبب آگ نے شدت اختیار کر لی اور کھڑی موٹر سائیکلوں میں پٹرول کی موجودگی کی وجہ سے آگ پھیل گئی۔
موقع پر موجود جی آر پی (گورنمنٹ ریل پولیس)، آر پی ایف (ریلوے پروٹیکشن فورس) اور مقامی پولیس نے فورا تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ جی آر پی کے شعبے کے افسر، کنور پرتاب سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے اور تقریبا 200 موٹر سائیکلیں جل گئی ہیں۔ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس میں بجلی کے محکمہ کی کوتاہی کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔