پونچھ//کھینتر کے محلہ جابہ وارڈ نمبر2میں پچھلے دس روز سے پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔مقامی شہری محمد اسلم کوہلی نے بتایا کہ کھنیتر میں پورے علاقہ میں پانی کی معقول سپلائی ہوتی ہے لیکن صرف ان کے محلہ میں جو پانچ یا دس گھر ہیں جن کو پانی فراہم نہیں کیا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ چند لوگ ان کی پائپوں کو بلاک کر دیتے ہیں تاکہ ان کو پریشان کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کئی بار انہوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو اپیل کی کہ ان کو پانی کی سپلائی کروائی جائے لیکن افسران یقین دہانی کے بعد بھی کچھ نہیں کرتے۔انہوں نے محکمہ کے ضلع افسر سے اپیل کی کہ ان کے محلہ کا دورہ کر کے وہاں کا جائزہ لیکر ان کو پانی کی قلت سے نجات دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے لائین مین کو بھی ہدایت کی جائے کہ وہ وہاں موجود رہا کریں کیونکہ وہ وہاں نہیں رہتے ہیں جس کی وجہ سے جس کو مرضی ہوتی ہے وہی لائین مین بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کے محلہ میںپانی کی معقول فراہمی کا انتظام جلد از جلد نہ کیا گیا تو پورے محلہ کے لوگ سڑک پر اتر کر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے اور اس دوران جو بھی ہو گا اس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پر عائدہو گی۔