اننت ناگ (اسلام آباد )//شمشی پورہ اننت ناگ میں فوج کی جانب سے کھیل کے میدان میں کیمپ قائم کر نے پر مقامی آبادی نے احتجاج کیا ہے۔فوج کی فسٹ آر آر سے وابستہ اہلکاروں نے ہوم شالی بگ شمشی پورہ میں کھیل کے میدان میں کیمپ قائم کر نے کا من بنا لیا ہے ۔اس حوالے سے فوجی اہلکار گذشتہ کئی روز سے میدان کا چکر کاٹ رہے ہیں اور مقامی نوجوانوں کو میدان میں داخل نہیں ہونے دے ر ہے ہیں۔اس حوالے سے مقامی لوگوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے آفس کے سامنے زور دار احتجاج کیا اور فوج سے فیصلہ واپس لینے کی مانگ کی ۔احتجاجی مظاہرین ہم کیا چاہتے انصاف ،غنڈہ گردی نہیں چلے گی جیسے نعرے لگارہے تھے ۔احتجاجیوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُنہوں نے اپنی ذاتی ملکیتی اراضی کھیل کے میدان کے لئے وقف کی ہے تاکہ گائوں کے بچے کھیل کود میں حصہ لے سکیں تاہم اب فوج یہاں کیمپ قائم کر نا چاہتی ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے ۔میدان چونکہ اسپتال کے بغل میں واقع ہے لہٰذا کیمپ قائم کر نے سے اسپتال کے کام کاج پر بھی اثر پڑے گا ۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے کئی دن قبل معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی نوٹس میں لایا تھا اور اُنہوںنے یقین دلایا تھا کہ وہ فوج کو ایسا نہیں کر نے دیں گے تاہم آج فوج ایک بار پھر گائوں میں داخل ہوئی اور میدان خالی کروا کے پیمائش شروع کی ۔اس بیچ اعلیٰ آفسران موقعہ پر پہنچے اور یقین دہانی کے ساتھ مظاہرین کو منتشر کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر محمد یونس ملک نے کہا کہ اُنہوں نے معاملہ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر کے ساتھ ساتھ فوج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ اُٹھایا ہے اور معاملہ جلد ٹھیک ہوگا۔