سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم اور امور نوجوان و کھیل کود کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے آج کہا کہ کھیل کود کی بدولت نوجوان اور نئی نسل اپنی شخصیت کو نکھارنے کے علاوہ جسمانی و ذہنی تندرستی حاصل کرتے ہیں۔وزیر سکمز کرکٹ اور فٹ بال لیگ 2017 ء کی انعامی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرر ہے تھے جس کا اہتمام سکمزمیڈیکل کالج و ہسپتال بمنہ کے سپورٹس کمیٹی سی اے ایس ایس یونین نے کیا تھا۔ ایم ایل اے بٹہ مالو نور محمد شیخ، ایم ایل سی بڈگام سیف الدین بٹ اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے کہا کہ کھیل کود انسان کی نظر میں وسعت فراہم کرنے کے علاوہ اس میں خود اعتمادی اور ضبط وربط کا جذبہ پیدا کرتا ہے ۔وزیر نے کالج انتظامیہ کو مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے ایونٹوں کا ااہتمام کرنے پر مبارک باد دی۔وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو کھیل کود کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے جس میں پی ایم ڈی پی کے تحت ضلع سطح پر منی سٹیڈیم قائم کرنا بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیل کود کے محکمہ نے کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کے لئے ’’کھیلو انڈیا ‘‘کے تحت ایک ڈی پی آر حکومت ہند پیش کیا ہے ۔اس موقعہ پر انصاری نے سکمز احاطے میں ایک باسکٹ بال اور والی بال کوٹ کے علاوہ ایک’ ویلنس سینٹر‘ قائم کرنے کا اعلان کیا۔وزیر نے بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور سکمز اینول مگزین کا اجرا کیا ۔سابق ڈائریکٹر اور سکمز گورننگ باڈی کے ممبر پروفیسر ایم ایس کھورو ، ڈائریکٹر سکمز پروفیسر اے جی آہنگر ، پرنسپل سکمز ایم سی اینڈ ایچ پروفیسر ریاض احمد اونتو ، ایگزیکٹیو ایڈیٹر پروفیسر ایم رفیق ، چیئرمین سپورٹس سکمز ڈاکٹر اشفاق احمد کے علاوہ انتظامی افسران ، فیکلٹی اور طلاب تقریب میں موجود تھے۔