ایجنسیاں منصوبے کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنائیں:سریندر چوہدری
نوشہرہ//نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری نے گورنمنٹ ڈگری کالج نوشہرہ میں ایک اہم اسپورٹس بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔یہ منصوبہ 208.50 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، جس کا مقصد کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور طلبہ و ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری ڈاکٹر راج کمار تھاپا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ بابو رام ٹنڈن اور دیگر ضلعی و سیکٹورل افسران بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں نائب وزیر اعلیٰ نے حکومت کی جانب سے کھیلوں اور جسمانی فٹنس کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ اسپورٹس بلاک طلبہ کو مختلف کھیلوں میں سرگرم شمولیت کے مواقع فراہم کرے گا۔اس موقع پر فیکلٹی ممبران، طلبہ اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے حکومتی اقدامات کا خیر مقدم کیا۔سریندر چودھری نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خطے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے، تاکہ صحت، فٹنس اور کھیلوں میں مہارت کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ نہ صرف مقامی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں معاون ثابت ہوگا بلکہ نچلی سطح پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو بھی پروان چڑھائے گا۔