طارق رحیم
کپوارہ// کھہی پورہ اور ملحقہ دیہات کے مکینوں نے سوموار کو ہندوارہ کے راجوار کے گال گنزار علاقے میں واقع کھیل کے میدان کی بھرائی،ہموار کرنے اور مطلوبہ تعمیراتی کام مکمل کرنے میں ناکامی پر حکام کے خلاف سخت ناراضگی اظہار کیا۔مکینوں نے بتایا کہ تین سال قبل حکام نے ان سے کھیل کے میدان کی تعمیر کیلئے زمین عطیہ کرنے کے لیے رابطہ کیا جس کے بعد انہوں نے 25 کنال اراضی عطیہ کی تھی۔ایک مقامی کرکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ہمیں بتایا گیا تھا کہ اس کھیل کے میدان کو ضلع کے بہترین میدانوں میں سے ایک کے طور پر تیار کیا جائے گا لیکن تین سال گزر چکے ہیں حکام نے ابھی تک بھرائی مکمل نہیں کی جس سے متعلقہ حکام کے ناروا رویہ کا پتہ چلتا ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’پچھلے سال گراؤنڈ کی بھرائی منریگا کے تحت کی گئی تھی لیکن اس سال ابھی تک کوئی کام نہیں ہوا ہے‘۔ایک مقامی صحافی بٹ فاروق نے کہا کہ’ ہم نے خوشی خوشی زرعی زمین بغیر کسی معاوضے کے عطیہ کی تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے لیکن اب حکام زمین کے اس ٹکڑے کو تیار کرنے کے حوالے سے بے حس نظر آتے ہیں‘۔مکینوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کپوارہ آیوشی سودن اور ضلع ترقیاتی کونسل کے رکن راجوار میر سلیمان سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔