نئی دہلی//سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان کپل دیو کا خیال ہے کہ ہندوستان آج اس موڑ پر کھڑا ہے جب ملک کو صرف کرکٹ نہیں بلکہ تمام کھیلوں میں دلچسپی لینی چاہیے ۔عالمی کپ فاتح کپتان کپل نے ہفتے کی شام انڈیا گیٹ پر 'انڈر 19 فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ' ٹورنامنٹ کے اعلان کے موقع پر کہاکہ کھیل صرف کرکٹ ہی نہیں ہے ۔ہر نوجوان کو کوئي نہ کوئی کھیل کھیلنا چاہیے ۔میدان ہونے چاہیے ، سہولت ہونی چاہیے جہاں نوجوان اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر سکیں۔ کپل نے کہاکہ میں تمام جوانوں کو شکریہ کہنا چاہتا ہوں جنہوں نے فٹ بال کو آگے لے جانے کی ذمہ داری اٹھائی ہے ۔توانائی کے اس خیال کو جو بھی سامنے لایا ہے میں انہیں بھی سلام کرتا ہوں۔ہندوستان آج اس موڑ پر ہے کہ ملک کو تمام کھیلوں میں دلچسپی لینی چاہیے ۔ انڈر 19 فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ' کے برانڈ امبیسڈر کپل نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کرکٹ کو ملک کے کونے کونے تک پہنچا دیا ہے ۔اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم کھیل پر توجہ دیں اور انہیں کونے کونے تک لے جائیں۔ کپل نے ساتھ ہی میڈیا کو بھی مشورہ دیا کہ وہ صرف گیند اور بلے پر توجہ نہ دیں بلکہ باقی کھیلوں کو بھی اتنی ہی اہمیت دیں۔انہوں نے کہاکہ اکتوبر میں انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ کا ملک میں انعقاد ہونا ہے اور ہم سب کو اس جوش کو آگے بھی برقرار رکھنا ہے ۔تبھی ملک فٹ بال میں نئے بلندی پرپہنچ پائے گا۔ انڈر 19 فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ اگلے تین مہینوں تک ملک کے مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا جس میں کل 1200 میچ ہوں گے اور اس کا فائنل 25 جولائی کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔اس ٹورنامنٹ میں کل 20 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔یواین آئی