راجا ارشاد احمد
گاندربل//میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کیلئے عقیدتمندوں کا پہلا قافلہ اتوار کو تولہ مولہ گاندربل پہنچ گیا جہاںضلع انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔اس طرح میلے کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے تمام عقیدتمندوں کی حفاظت، آرام اور قیام کو یقینی بنانے کیلئے جامع انتظامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی ہے۔ڈپٹی کمشنر گاندربل جتن کشور نے کہا’’سیکورٹی کی تعیناتیوں سے لے کر صفائی اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات تک، ہم نے عقیدت مندوں کیلئے مکمل منصوبہ بندی کی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم ایک پرامن میلے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں‘‘۔عقیدتمندوں نے مندر پرپہنچ کر خوشی کا اظہار کیا۔ جموں کے ایک عقیدتمند نے اپنے جذبات کا اظہار یوںکیا’’یہ گھر واپسی کی طرح محسوس ہوتا ہے۔ استقبال اور انتظامات نے ہمارے دلوں کو چھو لیا ہے۔ ہم خود کو محفوظ اور مبارک محسوس کرتے ہیں‘‘۔ آنے والے دنوں میں مزید عقیدتمندوں کی آمد متوقع ہے، ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہے کہ اس سال کا میلہ کھیر بھوانی تمام شرکا کے لیے یادگار اور روحانی طور پر پورا ہو۔معلوم رہے کہ اس سے قبل سیکورٹی کے سخت بند وبست کے بیچ سینکڑوں کی تعداد میں عقیدتمند کھیر بھوانی میلے میں شرکت کرنے کیلئے جموں سے کشمیر روانہ ہوئے ۔میلہ کھیر بھوانی وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ، جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے منزہ گام اور دیوسر اور شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ٹکر علاقوں میں واقع مندروں میں 3جون کو منایا جائے گا۔ریلیف کمشنر (مائیگرنٹس) اروند کاروانی کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ جموں سچن کمار ویشیا اور سینئر پولیس افسران نے اتوار کو جموں کے نگروٹہ سے عقیدتمندوں کے قافلے کو مشترکہ طور پر ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’’ہم نے 60بسوں پر مشتمل قافلے کو کشمیر کے لئے روانہ کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں سیکورٹی کا کڑا بند و بست کیا گیا ہے وہیں عقیدتمندوں کے قیام و طعام اور دیگر ضررویات کا بھی بھر پور انتظام کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کا یہ قافلہ رام بن میں ٹھہرے گا وہاں بھی ان کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ایک خاتون عقیدت مند نے بتایا’’ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہم درشن کیلئے کشمیر پہنچ رہے ہیں، ہم کسی قسم کا ڈر محسوس نہیں کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم درشن کریں گے اور اپنے اور اپنے ملک کی خوشی و خوشحالی کے لئے دعا کریں گے ‘‘۔ایک اور عقیدت مند نے کہا:واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے ہفتے کے روز گاندربل میں ماتا کھیر بھوانی میلے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ میلہ کھیر بھوانی کے لئے سیکورٹی کے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘ اس میلے میں شرکت کرنے کے لئے پوری وادی سے عقیدت مند آتے ہیں’۔ بردی نے کہا: ‘جموں وکشمیر پولیس نے پیرا ملٹری فورسز اور ٹریفک ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے تاکہ اس ایونٹ کے محفوظ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے ‘۔
پولیس سربراہ کی مندرمیں حاضری | سیکورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا
یو این آئی
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) نالین پربھات نے اتوار کے روز گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع کھیربھوانی مندر کا دورہ کیا اور وہاں منگل کو منعقد ہونے والے سالانہ میلے کے پیش نظر سیکورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔پولیس سربراہ کے ہمراہ گاندربل کے سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے ماتا راگنیا دیوی کے مندر میں حاضری بھی دی اور یاترا کی پُرامن و بحفاظت انجام دہی کیلئے دعاکی۔ یہ میلہ کشمیری پنڈت برادری کا ایک اہم مذہبی تہوار مانا جاتا ہے ۔پولیس و انتظامیہ کے مطابق، یاتریوں کی حفاظت، رہائش اور طبی سہولیات کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ تاہم، حکام نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پچھلے برس کے مقابلے میں امسال یاتریوں کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے ، جس کی ایک بڑی وجہ پچھلے ماہ پہلگام میں پیش آیا دہشت گردانہ حملہ قرار دیا جا رہا ہے ۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر کے مطابق پولیس پوری طرح مستعد ہے اور تمام حساس مقامات پر گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ یاترا بلا رکاوٹ اور محفوظ ماحول میں مکمل ہو سکے ۔”انہوں نے کہا کہ جموں کے نگروٹہ سے لے کر گاندربل تک چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ موصوف آفیسر کے مطابق میلہ کھیر بھوانی کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر اضافی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔
احسن انعقاد کیلئے سہولیات دستیاب:چیف سیکرٹری
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//میلہ کھیر بھوانی کے سلسلے میں چیف سیکرٹری جموں کشمیرنے تولہ مولہ گاندربل کا دورہ کرکے وہاں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے کہا کہ میلہ کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیر بھوانی میلہ کے محفوظ اور پرامن آغاز کیلئے حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔اتل ڈلو نے انتظامات کا جائزہ لیا ۔چیف سیکرٹری اتل ڈلو تیاریوں کا معائنہ کرنے بھی مندر پہنچے۔اس دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا ’’تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میلہ کے محفوظ اور پرامن آغاز کیلئے حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے‘‘۔
وادی بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات
یو این آئی
سرینگر//میلہ کھیر بھوانی کے پیش نظر وادی کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ شرکا کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع مشہور رگنیا دیوی مندر میں منعقد ہونے والا یہ سالانہ میلہ کشمیری پنڈت برادری کا سب سے اہم مذہبی اجتماع تصور کیا جاتا ہے، جس میں وادی کے علاوہ بیرون ریاست سے بھی ہزاروں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق، میلے کے پیش نظر سری نگر اور گاندربل اضلاع میں درجنوں ناکے قائم کئے گئے ہیں اور حساس علاقوں میں فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ خاص طور پر تولہ مولہ گاندربل، جہاں مرکزی تقریب کا انعقاد ہو رہا ہے، میں پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ضلع گاندربل کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تقریب کے مقامات پر کثیر تعداد میں خواتین اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ عقیدت مند خواتین کی تلاشی اور رہنمائی بہتر انداز میں انجام دی جا سکے۔میلہ کھیر بھوانی 3جون بروز منگل کو منعقد ہوگا اور زائرین کی واپسی کا سلسلہ اگلے دن شروع ہوگا۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وہ زائرین کی بحفاظت واپسی تک پوری طرح مستعد اور چوکنا رہیں گے۔