جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سرینگرمیںآج افسروں کو کھیر بھوانی میلے کے بحسنِ خوبی انعقاد کیلئے آپس میں قریبی تال میل قایم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ کشمیر کا بے حد اہم مذہبی میلہ ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ میلے کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لینے کے دوران افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا ، وائس چئیر مین جے کے پی سی سی خالد جہانگیر ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل اور ضلع انتظامیہ سے وابستہ دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ایسے تہوار کشمیری عوام کے مابین بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے مظاہرے ہیں اور ریاست کے مختلف جغرافیائی خطوں کے مابین خلاء کو پُر کرنے کا موقعہ فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سماج کے مختلف طبقوں میں بھائی چارے اور مخلوط ثقافت کیلئے معروف ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو استھاپن پر حاضری دینے والے یاتریوں کی حفاظت کیلئے موثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کیلئے معقول ٹرانسپورٹ انتظامات بھی دستیاب رکھے جانے چاہئیں تا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے استھاپن کے گردو نواح میں بجلی اور پانی کی بلا خلل ترسیل ، صفائی ، ستھرائی ، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور طبی سہولیات بھی یاتریوں کیلئے بہم رکھنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے افسروں کو استھاپن پر ایس ٹی پی پر جاری کام کو فوری طور مکمل کرنے کیلئے کہا تا کہ اسے آنے والے دنوں میں چالو کر کے مقامی ماحولیات کو قایم رکھا جا سکے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر گاندر بل نے وزراء کو مطلع کیا کہ یاتریوں کیلئے موثر حفاظتی انتظامات کے علاوہ استھاپن علاقے کی حدود میں 50 کوئینٹل راشن بشمول 25 کوئینٹل چاول ، 20 کوئینٹل آٹا ، 15 کوئینٹل چینی ، ایک ہزار لیٹر تیل خاکی اور وافر مقدار میں رسوئی گیس سلینڈر ذخیرہ کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کو دو کوئینٹل چینی مفت تقسیم کرنے کیلئے بھی رکھی گئی ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ کھیر بھوانی میں ڈاکٹروں ، نیم طبی عملے ، حیات بخش ادویات اور ایمبولینس کی سہولیت سے لیس دس بستروں والا کیمپ ہسپتال بھی قایم کیا گیا ہے اس کے علاوہ یاتریوں کیلئے 2 ہزار کمبلیں بھی ذخیرہ کی گئی ہیں جبکہ استھاپن کی جانب جانے والی سڑکوں پر سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و مرمت کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ سڑکوں کی تجدید و مرمت بھی کی گئی ہے ۔