محمد تسکین
بانہال //ہفتے کے روز بارشوں کے دوران سب ضلع بانہال کی کھڑی آڑپنجلہ میں ایک کمسن بچہ گھر کے سامنے بنے پانی کے ایک ٹینک میں گر جانے سے لقمہ اجل بنا ہے۔قریب تین سال کی عمر کے اس بچے کی شناخت ضیان ظفر ولد ظفر احمد نائیک کے طور کی گئی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اس گڑھے میں بارشوں کا پانی جمع ہوا تھا اور گھر والوں کو بچے کے پانی میں گرنے جانے کا پتہ کافی وقت گزرجانے کے بعد چلا اور زندگی کی امید کے ساتھ اس بچے کو پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی پہنچایا گیا لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی یہ کمسن خالق حقیقی سے جا ملا تھا۔ اس کمسن بچے کی موت نے پورے کھڑی مہو منگت علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑائی اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ہائیر سیکنڈری سکول کھڑی اڑپنچلہ کے نزدیک مہلوک بچے کے گھر پہنچے۔ ہفتے کی سہ پہرپر نم آنکھوں سے بچے کی تجہیز و تکفین عمل میں لائی گئی۔