محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی کے علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسے بانہال ہسپتال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ زخمی کی شناخت شکیل احمد نائیک عمر 45سال ولد شمس الدین ساکنہ منجوس کھڑی کے طور کی ہے۔بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر سید اسماعیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریچھ کے حملے میں زخمی شخص کی حالت تشویشناک ہے اور اس کا سر بُری طرح سے زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی شکیل احمد نائیک کو بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔رضاکار انجمن کیو آر ٹی کھڑی کے ایک رضاکار نے بتایا کہ پیر کے دن دھاڑے قریب دو بجے ہرنیہال کے مقام یہ ریچھ شکیل احمد نائیک پر حملہ اور ہوا اور شور مچانے کے بعد اس پاس کے لوگ بچاؤ کیلئے پہنچ گئے لیکن تب تک ریچھ نے شکیل کے سر پر شدید اور گہرے زخم لگائے تھے اور مقامی لوگوں کی مدد سے کیو آر ٹی کھڑی کے رضاکاروں نے زخمی کو پہلے کھڑی ہسپتال اور وہاں سے بانہال منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی کے علاقے میں تیندوے اور ریچھوں کی نقل وحرکت سے عام لوگوں میں خوف و ہراس ہے اور محکمہ وائلڈ لائف سے ان جنگلی جانوروں کو انسانی بستی والے علاقوں سے باہر بھگانے کی اپیل کی ہے ۔