حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے سرحدی گائوں کھڑی دھرمسال کے محلہ گالاں کی وارڈ نمبر سات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے لوگوں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے اور اس کی وجہ سے ان کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے محکمہ جل شکتی سے کئی بار گزارش کی کہ وہ ان کو پانی فراہم کرے لیکن ان کی کسی نے نہیں سنی۔لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی جانب سے اج تک ان کے گاؤں میں ایک بھی ہینڈ پمپ نہیں لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹینکر کا پانی وہ خرید نہیں سکتے اگر خریدتے بھی ہیں تو وہ ان کے لئے پورا نہیں پڑتا۔لوگوں نے انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کو پانی سپلائی فراہم کرے تاکہ گاؤں کے لوگوں کو مزید مشکلات سے دو چار نہ ہونا پڑے۔امتیاز احمد نامی ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ مشکلات دوسری بھی ہیں مسائل دوسرے بھی ہیں لیکن پانی نہ ہونے کی وجہ سے وہ سخت پریشان ہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے خصوصی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے ان کے پانی کی قلت کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔