جموں//کٹھوعہ عصمت دری و قتل معاملہ کے ایک ملزم کی طرف سے تحقیقات سی بی آئی کو سونپے جانے کیلئے عدالت عظمیٰ میں از سر نو ایک عرضی دائر کی گئی ہے ، ملزم وشال جنگوترہ کی طر ف سے سی بی آئی انکوائری کے لئے عرضی دائر کرنے والے وکیل انکور شرما نے بتایا کہ اس عرضی پر سماعت 16جولائی کے بعد ہوگی۔ملزموں کی طرف سے پیش ہونے والے ایک دوسرے وکیل صفائی اے کے ساہنی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سے قبل تلک راج نامی ملز م کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں عرضی دائر کی گئی تھی تھی تاہم معزز عدالت نے ریگولر پٹیشن دائر کرنے کا حکم دیا تھا لیکن مالی تنگی کی وجہ سے پٹیشن دائر نہیں کی جا سکی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح احکامات دئیے تھے کہ اگر آپ سی بی آئی انکوائری چاہتے ہیں تو ریگولر پٹیشن دائر کریں لیکن موکل کی مالی حالت اخراجات کا بوجھ اٹھانے کی اجازت نہیں دیتی ہے اسلئے ہم نے از سر نو عرضی دائر کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔دریں اثنا سپریم کورٹ وکلاء صفائی کی طرف سے دائر اس عرضی پر بھی غور کر سکتی ہے جس میں مقدمہ کی کٹھوعہ سے پٹھانکوٹ منتقلی کے حکمنامہ میں ترمیم کی مانگ کی گئی ہے ۔ساہنی نے بتایا کہ تمام وکلاء صفائی نے سپریم کورٹ سے مانگ کی ہے کہ پٹھانکوٹ میں روزانہ کی بنیادوں پر ہونے والی سماعت ہفتہ میں 6کے بجائے 5دن کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وکلاء صفائی کی طرف سے ایک وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوگا۔