پونچھ//پونچھ قصبہ میں اگر چہ محکمہ میونسپل کونسل کی جانب سے کئی سڑکوں کی مرمت ک کا م شروع کیا گیا ہے لیکن ابھی بھی متعدد سڑکیں ایسی ہیں جن کی خستہ حالی عوام کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔مصطفیٰ نگر پونچھ سے پیر بابا زیارت کے قریب سے ہوکر کھوڑی ناڑ جانے والی سڑک کی حالت خستہ ہوچکی ہے ۔ خصوصی طور پر پیر بابا زیارت کے قریب ایک مقام سے سڑک بالکل تباہ ہو چکی ہے جہاں سے گزرتے ہوئے گاڑیوں کو اکثر نقصان ہو جاتا ہے ۔اس کے علاوہ بزرگوں اور بچوں کو پیدل چلنے میں بھی پریشانی کاسامناہے ۔ مقامی شخص سردار ہر سمرن سنگھ نے میونسپل کونسل سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ افسران اپنا کام ذمہ داری سے انجام نہیں دیتے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے درمیان کئی مقامات پر کھڈے بن گئے ہیں جہاںسے گزرتے ہوئے نہ صرف مسافروں کو مشکلات درپیش ہیں بلکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچتاہے ۔انہوں نے کہاکہ کھوڑی ناڑ کو جانے والی تمام سڑکوں کی حالت بیان سے باہر ہے اس لئے ڈپٹی کمشنر خود مداخلت کرکے ان سڑکوں کی مرمت کرائیں ۔