اننت ناگ//جنوبی کشمیر میں سب سے بڑے فوجی کیمپ کھندرو اچھہ بل میں ممکنہ طور پربارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو پورٹر شدید طور پر زخمی ہوئے جن کو علاج معالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔کھندرو فوجی کیمپ کے اسلحہ ڈیپو کے نزدیک منگل دو پہر ایک پُر اسرار دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر فوج کے دو مزدور 35سالہ بلال احمد گنائی ولد غلام قادر گنائی ساکن پانپور اور18سالہ جہانگیر احمد وگے ولد غلام قادر ساکن چک اچھ بل شدید طور پر زخمی ہوئے ۔اگر چہ زخمیوں کو ضلع اسپتال لایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُنہیں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر منتقل کیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔واضح رہے کہ کئی سال قبل اس کیمپ میں اسی طرح کا ایک پر اسرار دھماکہ ہوا تھاجس کے بعد اسلحہ خانے میں موجود باردوی مواد اور راکٹ پھٹ گئے جو آس پاس کی بستوں میں جا گرے تھے جس سے کئی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔