سرینگر//وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہوائوں کے باعث وادی کے متعدد علاقوں میں درختوں کے اکھڑنے کے نتیجے میں بجلی کا سپلائی نظام درہم برہم ہوگیا ۔شہر سرینگر کے اکثر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بدھ کی شام سے جاری رہی جبکہ جمعرات کو بیشتر علاقوں میں دن بھر بجلی گل رہی۔کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے ۔کپوارہ ، گاندربل اور دیگر علاقوں میں بجلی کا نام و نشان نہیں تھا۔بانڈی پورہ سے عازم جان نے اطلاع دی ہے کہ وہاں صدرکوٹ بالا میں 33ہزار کے وی ترسیلی لائین کے ٹاوروںکو پسیاں اور پتھر گر آنے کے باعث نقصان پہنچا ہے جبکہ ضلع بھر میں بدھ کی شام سے بجلی گل ہے ۔بڈگام سے اطلاع ہے کہ وہاں اکثر علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لاینوں کو نقصان پہنچا ہے۔کولگام کے کئی علاقوں میں بھی اسی طرح ک صورتحال رہی۔کولگام کے اوپری علاقوں میں برفباری اور نچلے علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں کھمبے اکھڑ گئے اور بجلی گل ہوگئی۔چاڈورہ کے لوگوں کے مطابق جمعرات کو دن بھر وہاں بجلی گل تھی ۔بارشوں کے 96گھنٹوں کے دوران علاقے میں صرف ایک گھنٹے کیلئے بجلی بحال کی گئی ہے جبکہ کھاگ بڈگام کے اُوپری علاقوں میں بھی بدھ کی شام سے بجلی غائب ہے اسی طرح آرتھ بڈگام اور پوشگر کھاگ میں بھی بجلی بدھ کی شام سے غائب ہے ۔سوپور سے اطلاع ہے کہ وہاں پر بھی بدھ کی شام سے بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جارہی ہے جبکہ بارہمولہ کے کنڈی علاقوں میں بجلی کا نام نشان نہیں ہے وہاں پر بھی ترسیلی لائنوں اور کھمبوں کو نقصان ہوا ہے ۔اسلام آباد کے کوکرناگ علاقے میں بھی جمعرات کی شام تک بجلی غائب تھی ۔ شوپیاں قصبہ سمیت اکثر علاقے جن میںکلر ، بامنو ، مست پورہ ،رام نگری ، امشی پورہ، سعد پورہ ،ڈی کے پورہ ،آڑی جن میں بدھ کی شام سے بجلی گل ہے ۔محکمہ بجلی کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی شام تک کچھ علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اب نارمل لوڈ ہے اور .60 11 لوڈ شام دیر گئے تک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ادھر محکمہ بجلی کی چیف انجینئر میس شہناز گونی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کافی جگہوں پر بارشوں او ر برف باری کے سبب بجلی کی ترسیلی لائنوں اور کھمبوں کو نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اہلکاروں کو صبح سے ہی اپنے اپنے علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔تاہم انہیں موسم کی خرابی کے باعت کام کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ کچھ علاقوں میں جمعرات کی شام کو دیر گئے تک بجلی بحال کر دی جائے گی۔