راجوری//ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں مہم چلائی جارہی ہیں ، میونسپل کمیٹی راجوری قصبہ میں آلودگی کے حوالے سے ایک بہت بڑا خطرہ بن کر سامنے آئی ہے ۔میونسپل کمیٹی کی طرف سے گندگی سرراہ جلادی جاتی ہے جو نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ بیماریوں کو بھی بلاواہے ۔جواہر نگر اور تحصیل چوک کے لوگوں نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ اگرچہ کھلے عام گندگی کو آگ لگادینے کے رجحان میں حالیہ مہینوں کمی واقع ہوئی تھی تاہم اب ایک بار پھر سے میونسپل کمیٹی نے اس سلسلے کو جاری کردیاہے جس سے لوگوں کی زندگی خطرے میں ہے ۔لوگوں کاکہناہے کہ ’گرین اور کلین راجوری ‘کی مہم چلانے والا یہ ادارہ خود ہی قصبہ کی تباہی کیلئے سامان فراہم کررہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ روزانہ میونسپل کمیٹی کا عملہ اور کچھ مقامی تاجر جمع ہوئی گندگی کو آگ لگاتے دیکھے جاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس آگ کی وجہ سے پورے علاقے میں دھواں پھیل جاتاہے جس سے فضا بھی آلودہ بن جاتی ہے ۔ان کاکہناہے کہ کئی مرتبہ اس حوالے سے میونسپل کمیٹی سے گزارشات کی گئیں اور یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں بھی لایاگیالیکن کسی نے بھی اس جانب توجہ نہیں دی اور جہاں میونسپل کمیٹی مجرمانہ فعل انجام دے رہی ہے وہیں ضلع انتظامیہ بھی خواب غفلت میں ہے ۔کچھ لوگوںنے اس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف سے میونسپل کمیٹی یہ دعویٰ کررہی ہے کہ وہ اس گندگی کو سندر بنی لیجاتی ہے تو دوسری طرف کھلے عام گندگی جلاکر ماحول کو آلودہ کیاجارہاہے ۔ایک شہری روی کمار کاکہناہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ سندر بنی لیجانے والی گندگی کے نام پر ملنے والی رقم کا صحیح استعمال نہیں ہورہا۔انہوںنے پولوشن کنٹرول بورڈ حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے انجام دی جارہی اس طرح کی کارروائیوں کا سنجیدہ نوٹس لے ۔