کھاگ //وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں گزشتہ سال کھاگ درنگ سڑک کی کشادگی کا کام شروع کیا گیااور اس کام کیلئے زمین کا کٹائو(ارتھ کٹنگ )بھی عمل میںلایا گیا تاہم علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد سڑک کے کناروں پر حفاظتی بنڈ تعمیر نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے متعددمقامات پر زرعی زمین مسلسل دھنس رہی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق سڑک کے کناروں پر مقیم آبادی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور بنڈتعمیر نہ کئے جانے کی وجہ سے شنگلی پورہ ، حبر اور درنگ نامی دیہات میں متعددمقامات پر زمین دھنس رہی ہے جبکہ سڑک کے کنارے رہائش پذیر آبادی بھی اس مسئلے کا شکارہیں ۔ غلام محمد ڈارساکن حبر کا کہنا ہے کہ وہ اس سڑک کے برلب موجود ایک ٹیلے پر رہائش پذیر ہے اور سڑک کی کشادگی سے یہ ٹیلہ اب کئی میٹر تک دھنس گیا ہے اور معمولی بارشو ں کے دوران مٹی کا یہ ٹیلہ پھر سے دھنسا شروع ہو جاتا ہے ۔ڈارکے مطابق انہوں نے آر اینڈ بی کے اعلیٰ حکام کو اس مسئلہ سے آگاہ کیا لیکن ابھی تک کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس کی وجہ سے انکا کنبہ پریشان ہے۔علاقے کے لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے سڑک کے کناروں پر حفاظتی بنڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بڈگام کاچو محمود علی نے اس ضمن میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے لوگوں کی درخواست کے بعد خودعلاقے کامعائنہ کیا ہے اورعنقریب حفاظتی بنڈ تعمیر کئے جارہے ہیںتاکہ زمین دھنسنے کا سلسلہ رک جائے۔