عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے بدھ کو مرکزی وزیر زراعت و بہبود کسان شیو راج سنگھ چوہان کی ایک ور چیول میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں اہم زرعی مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی جن میں کھاد کی دستیابی، فصلوں کا نقصان، ‘وِکست کرشی سنکلپ ابھیان‘ اور ’نیشنل مشن آن نیچرل فارمنگ‘ جیسے اقدامات شامل تھے۔مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کسانوں کو وقت پرکھاد دستیاب ہونی چاہیے تاکہ وہ قلت کی وجہ سے پریشان نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میٹنگ میںمتعلقہ پرنسپل سیکرٹریوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کسانوں کو نیچرل و آرگنک کاشتکاری اپنانے کی ترغیب دیں۔ اس کے علاوہ فصلوں کو ہوئے نقصانات کا درست ڈیٹا مناسب سروے کے ذریعے اکٹھا کیا جائے گا تاکہ کسانوں کو بروقت معاوضہ دیا جا سکے۔مرکزی وزیر نے بتایا کہ منظور شدہ کھادوں کی فہرست جاری کی جائے گی تاکہ کسانوں کو ناقص معیار کی کھاد سے بچایا جا سکے۔مرکزی وزیر نے تمام ریاستی وزرائے زراعت کو 15 اور 16 ؍ستمبر 2025 ء کو ہونے والی ربیع کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار شیلندر کمار ، ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر سرتاج احمد شاہ اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔