عظمیٰ نیوزسروس
اننت ناگ//پہلگام میں 12اکتوبر سے چودہ روزہ میلہ شروع ہواہے جس میں کشمیر کے نفیس آرٹ اور دستکاریوں کی نمائش کی جارہی ہے۔نیشنل ہینڈلوم ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت مرکزی وزارت ٹیکسٹائیل کے ڈیولپمنٹ کمشنرہینڈلوم نے میلہ کاتعاون کیا ہے جبکہ بنکروں کے سروس سینٹر سرینگر نے اس کاانعقاد کیا ہے۔میلہ کاموضوع ’’میری دستکاری میرافخر‘‘اور’’کھادی قوم کیلئے، کھادی فیشن کیلئے‘‘ہے۔ مہمان خصوصی محموداحمدخان ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس نے بنکروں اور دستکاروں سے خطاب کرتے ہوئے صلاح دی کہ کھادی مصنوعات کوفروغ دیا جائے۔ڈائریکٹر نے دیگر مہمانوں کے ساتھ تمام سٹالوں کامعائنہ کیا اور مقامی لوگوں کی طرف سے نمائش کیلئے رکھے گئے مصنوعات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ میلہ بنکروں ،دستکاروں اور امدادباہمی سوسائٹیوں کو اپنی اصلی مصنوعات براہ راست سیاحوں کوبیچنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرے گااورسیاحوں اور لوگوں کو جموں کشمیر کے شاندارآرٹ اور کرافٹ کو دیکھنے کاموقعہ فراہم کرے گا۔انہو ں نے لوگوں سے کہا کہ وہ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی پارک میں میلہ کودیکھنے جائے اورمقامی مصنوعات خریدکر مقامی بنکروں کی مددکرے۔جاری میلہ کی خاص بات کانی پشمینہ شال،پشمینہ شال،اونی شال،مفلر،کوٹ ،کمبل،اورہینڈلوم اور دستکاریوں اور کھادی مصنوعات کی مختلف اقسام خریداروں کیلئے دستیاب ہوں گی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر بنکرسروس سینٹر سرینگر طاہراحمدحکیم نے بتایا کہ اس میلہ میں 60ہینڈلوم ،ہینڈی کرافٹس اورکھادی سوسائٹیوں کواپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کرنے کا موقعہ ملا۔انہوں نے خواہشمندبنکروں سے اپیل کی کہ وہ اس میلہ میں شرکت کرنے کیلئے رجسٹریشن کریں۔