بارہمولہ//نچلی سطح پر نوجوانوں کو روزگار پیدا کرنے کی اسکیموں کے فوائد فراہم کرنے کو یقینی بنانے کیلئے جموں و کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ (KVIB) کی جانب سے پانیگام بارہمولہ میں ایک روزہ بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ حکومت کے زیر اہتمام مختلف اسکیموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے تقریبات کا ایک سلسلہ منعقد کیا گیا۔پروگرام میں کھادی بورڈ کی وائس چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پروگرام میں ضلعی انتظامیہ،بینکوں کے افسران، بورڈ کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں خواہشمند کاروباری افراد اور علاقے کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔بیداری کیمپ کے دوران افسران نے روزگار پیدا کرنے کے پروگراموں کے نفاذ میں شامل طریقوں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر حنا نے کہا کہ کھادی بورڈ توجہ کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ روزگار پیدا کرنے کی تمام اسکیموں کے فائدے ہدف کی آبادی کے درمیان پہنچ جائیں۔انہوں نے ممکنہ کاروباری افراد خاص طور پر خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مائیکرو انٹرپرائزز کے قیام کے ذریعے قوم کی تعمیر کے لیے اپنی توانائی کو بروئے کار لائیں۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن نے یہ بھی بتایا کہ مالی سال 2022-23 کے دوران کھادی بورڈ بارہمولہ کی جانب سے 751 یونٹس کے قیام کے لیے 14.86 کروڑ روپے کی سبسڈی جاری کی گئی ہے جس سے 5824 افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔