کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کی3 اہم سکیمیں نافذ
سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کل سول سیکرٹریٹ سری نگر میں جموں و کشمیر کھادی اینڈ ویلج انڈسٹریز بورڈ اور جموں و کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔KVIB کی جائزہ میٹنگ میںبتایا گیا کہ کے وی آئی بی کی طرف سے تین اہم اسکیمیں نافذ کی جارہی ہیں جن میں پی ایم ای جی پی، جے کے آر ای جی پی اور ایسفرٹی شامل ہیں۔ان تمام اسکیموں کا بنیادی مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا، ایک مضبوط دیہی معیشت کو فروغ دینا، دیہی کاریگروں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بڑھانا اور کھادی یا مائیکرو انڈسٹریل سیکٹر میں ماحول دوست اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ PMEGP کے تحت 19444 مرد اور 13689 خواتین کو فوائد فراہم کیے گئے ہیں جب کہ JKREGP کے تحت 4010 مردوں اور 937 خواتین کو گزشتہ چھ سالوں میں جموں و کشمیر میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے فوائد فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ SFURTI اسکیم کے تحت 8 کلسٹر پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ جے کے آر ای جی پی کے تحت 1637 کیسوں کو سپانسر کیا گیا ہے جن میں سے 1148 کو منظور کیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ کشمیر ڈویڑن میں KVIB کی جانب سے شہد کی مکھیوں کے پالنے کے 115 تربیتی کیمپ منعقد کیے گئے ہیں۔ سریندر چودھری نے افسران پر زور دیا کہ وہ سب کے لیے ایسے پروگراموں کے تحت آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس کے قیام کے عمل کو آسان بنائیں۔ بعد ازاں، نائب وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ اس کے کام کاج اور کارپوریشن کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ طلب کی۔