گاندربل//گاندربل کے مضافاتی علاقہ کچ نمبل سے وانگت تک رابطہ سڑک کی کشادگی اور میکڈم ڈالنے کا کام ادھورا چھوڑنے سے وانگت، ناران ناگ اور پہل ناڑ علاقوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ پی ایم جی ایس نے 13 کلومیٹر کچ نمبل وانگت بابانگری سڑک کی کشادگی اور میکڈم کا کام شروع کیالیکن صرف بابانگری تک سڑک کی کشادگی مکمل کی گئی اوربابا نگری سے آگے سڑک کی کشادگی عمل میں نہیں لائی گئی جس کی وجہ سے وانگت، پہل ناڑ اورناران ناگ علاقوں کے لئے سڑک کی تنگی موجود رہ گئی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑک کا کام اگر کچ نمبل سے وانگت تک شروع کیا گیا تو وانگت تک مکمل کیوں نہیں کیا گیا۔ادھرمحکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹو انجینئر مشتاق احمد نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُن کے پاس سڑک کی کشادگی کے لئے جو رقومات ملے تھے، اس کے مطابق بابانگری تک چونکہ سڑک کے دونوں اطراف میں کئی مقامات پر سرکاری اور جنگلاتی اراضی موجود تھی جس سے سڑک کی کشادگی میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی تاہم وانگت تک سڑک کی کشادگی کیلئے لوگوں کی ملکیتی زمین اور تعمیرات آتے ہیں جس کو حاصل کرنے کیلئے الگ سے رقومات چاہئیں جس کیلئے پروجیکٹ رپورٹ بنائی جائے گی اور منظوری کیلئے سرکار کو روانہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تب تک سڑک پر میکڈم بچھایا جائے گا ۔