رمیش کیسر
راجوری // گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بند پڑی بجلی کی سپلائی اتوار کی شام کو بحال ہوگئی، جس کے بعد عوام نے راحت کی سانس لی۔ واضح رہے کہ ضلع راجوری میں گزشتہ تین روز سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر ٹھپ ہو چکی تھی، جس کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔بجلی کی عدم دستیابی کے سبب نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہوئی بلکہ بجلی سے چلنے والے چھوٹے موٹے کاروبار بھی مکمل طور پر بند ہو گئے تھے۔ دکانداروں اور کاریگروں نے بتایا کہ تین روز تک کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار رہیں، جس سے اْنہیں مالی نقصان اْٹھانا پڑا۔مقامی لوگوں نے کہا کہ برسات کے اس موسم میں بجلی کا بند رہنا اْن کے لئے دوہری مصیبت بن گیا تھا۔ ایک طرف شدید حبس اور بارشوں کا سامنا تھا جبکہ دوسری جانب اندھیروں میں راتیں گزارنی پڑیں۔ لوگوں نے شکوہ کیا کہ بجلی کی بحالی میں غیر معمولی تاخیر انتظامیہ اور بجلی محکمہ کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے تاہم اتوار کی شام بجلی بحال ہوتے ہی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور گھروں، دکانوں اور گلی محلوں میں روشنی دیکھ کر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا۔ مقامی شہریوں نے بجلی محکمہ سے اپیل کی کہ آئندہ اس طرح کی طویل بندش سے عوام کو بچانے کے لئے پختہ اقدامات کئے جائیں، تاکہ لوگوں کو دوبارہ ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔