نئی دہلی //پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے ’کچھ دو اور لو‘ کی بنیاد پرآگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے تمام شرائط پورا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ عبدالباسط نے ساوتھ ایشیا فورم فارآرٹ اینڈ کریٹو ہیرٹج کی جانب سے کانفرنس سے خطاب میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو کسی واقعہ سے متاثرہوئے بغیرجامع مذاکرات کا عمل شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہناتھا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کی کوشش کرتے رہنا چا ہئے اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے سیاسی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے جبکہ تعلقات میں بہتری کے لیے کچھ دو اورلو کی بنیاد پرآگے بڑھنا ہوگا۔عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ہمیں ان طاقتوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونا چا ہئے جو تعلقات میں بہتری نہیں چاہتیں۔عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیرمیں حق خود ارادیت اور استصواب رائے کیلئے تمام شرائط پوری کرنے کو تیار ہے، ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کوعملی جامہ پہنانے کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔ان کا کہناتھا ’جب پاکستان کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو عملا نے کیلئے کہتا ہے ،تو ہم سب کچھ کرنے کیلئے تیار جو ہمیں کرنا ہے ‘۔کلبھوشن یادیو کی رہائی پرسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو مجرم ثابت ہوا ہے اور اس کی رحم کی اپیل کا فیصلہ پاکستان کی فوجی عدالت کرے گی۔ ترکی کے موجودہ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود بھارت میں عبدالباسط کا عہدہ سنبھالیں گے اور ممکنہ طور پر ماہ اگست میں نئی دلی میں عہدہ سنبھالیں گے۔